ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو کے کاٹیپلا میں مسجد پر سنگ باری - 6 ملزمین گرفتار

منگلورو کے کاٹیپلا میں مسجد پر سنگ باری - 6 ملزمین گرفتار

Tue, 17 Sep 2024 11:09:18    S.O. News Service

منگلورو ،17 / ستمبر (ایس او نیوز) شہر کے کاٹیپلا علاقے میں مسجد الھدیٰ پر کل رات ہوئی سنگباری کے الزام میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق جشن میلاد النبی کے حوالے سے کل رات مسجد کو روشنیوں سے سجایا جا رہا تھا ۔ اس سلسلے میں جب لوگ مسجد کے اندر کام میں مصروف تھے تو رات 9:50  بجے جنتا کالونی قبرستان کی طرف سے دو موٹر بائک پر سوار ہو کر آنے والے نامعلوم شرپسندوں نے مسجد کے عقبی حصے پر سنگ باری کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے ۔ اس پتھراو کی وجہ سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔
    
مسجد کمیٹی کے صدر جناب کے ایچ عبدالرحمان کی جانب سے پولیس کے پاس درج کی گئی شکایت کے مطابق ملزمین نے مبینہ طور پر ہندووں اور مسلمانوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کے مقصد سے مسجد پر سنگ باری کی تھی ۔ 
     
سٹی پولیس کمشنر انوپم اگروال اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران کی رہنمائی اور سورتکل پولیس انسپکٹر مہیش پرساد کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے تحقیقات کے بعد کارروائی کرتے ہوئے کدری منجوناتھ ٹیمپل روڈ سے ملزمین کو گرفتار کر لیا ۔
    
گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت بھرت شیٹی (26 سال)، چینپّا شیوانند چلاوادی عرف موٹو (19 سال)، نتین ہاڈپا (22 سال)، سوجیت شیٹی (34 سال)، انپّا عرف منو (24 سال) اور پریتم شیٹی (34 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔

ان ملزمین میں سے بھرت شیٹی کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس پر 12 فوجداری معاملے پہلے سے درج ہیں ۔ اس کے علاوہ چینپّا پر پانچ، نتین پر ایک ، انپّا  پر دو اور پرتیم شیٹی پر دو معاملے درج ہیں ۔
    
پولیس نے ملزمین کے پاس سے ایک سوفٹ کار، دو موٹر بائکس اور چار موبائل فون ضبط کیے ہیں ۔ 


Share: